چترال : گھر پر برف کا تودہ گرنے سے 9 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر چترال میں شدید برف باری کے باعث ایک گھر پر برف کا تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
چترال کے دور افتادہ علاقے سریگال دمیل ارندو میں باچا نامی شخص کے مکان پر شدید برفباری کے باعث تودہ گرا۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم کے مطابق یہ واقعہ ارندو میں پاک افغان سرحد کے قریب سریگال دمیل نامی گاؤں میں پیش آیا۔جہاں گزشتہ روز سے جاری برف باری کے دوران معمول سے کہیں زیادہ برف پڑچکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ شدید برف باری کے باعث گلیشیئر آیا جس کے دوران برف کا ایک بڑا تودہ ایک گھر پر آ گرا، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود تمام افراد ملبے تلے دب گئے۔
انتظامیہ کےمطابق واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کےتحت امدادی کاموں میں حصہ لیا اور 9 افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں جب کہ ایک بچے کو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
انتظامیہ کےمطابق گھر میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد موجود تھے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز سے جاری برف باری کے دوران چترال کےمختلف علاقوں میں 6 سے 20 انچ تک برف پڑچکی ہے جب کہ شدید برف باری کے باعث مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔
