2800 ارب کا گردشی قرضہ : گیس نرخ بڑھانے اور پیٹرولیم لیوی عائد کرنے پر غور

حکومت نے 2800 ارب روپے کے گردشی قرضے ختم کرنے کے لیے گیس کے نرخوں میں اضافے سمیت متعدد تجاویز پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قرضوں کے خاتمے کےلیے کئی آپشن زیر غور ہیں جن میں 3 سے 10 روپے فی لیٹر تک کی خصوصی پیٹرولیم لیوی عائد کرنے اور گیس کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ شامل ہے۔ اس مقصد کےلیے ایک خصوصی ٹاسک فورس سرگرم ہے، جب کہ 2000 ارب روپے کا قرض ختم کرنے کےلیے کمرشل بینکوں سے قرض حاصل کیا جائے گا، جس کی واپسی عوام سے پیٹرولیم لیوی کے ذریعے کی جائے گی۔

ٹاسک فورس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظفر اقبال، وزیر نجکاری محمد علی، سی پی پی اے، ایس ای سی پی اور نیپرا کے ماہرین شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت 2000 ارب روپے کے قرضے کو بینک فنانسنگ کے ذریعے ختم کیا جائے گا، جس کی ادائیگی آئندہ 7 سالوں میں پیٹرولیم مصنوعات پر لگنے والی لیوی سے کی جائے گی۔

یہ لیوی 3 سے 10 روپے فی لیٹر تک مقرر کی جا سکتی ہے۔ ایک روپے فی لیٹر لیوی سے سالانہ 18 ارب، جبکہ 10 روپے فی لیٹر کی صورت میں 180 ارب روپے جمع ہو سکتے ہیں۔ قرضے کی واپسی کے لیے سالانہ 250 ارب روپے اکٹھے کرنے کا ہدف ہے۔

اس کے ساتھ گیس نرخوں میں بھی اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔ حکومت موجودہ 160 ارب روپے کی کراس سبسڈی، جو مختلف اقسام کے محفوظ اور غیر محفوظ صارفین کو دی جاتی ہے، دسمبر 2026 تک مرحلہ وار ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بعد ازاں جنوری 2027 سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ڈیٹا کی بنیاد پر ہدفی سبسڈی دی جائے گی۔

گردشی قرضے کا باقی 800 ارب روپے کا حصہ سود اور سرچارج پر مشتمل ہے، جسے جزوی معافی یا مرحلہ وار ادائیگی کے ذریعے ختم کرنے کا منصوبہ ہے۔

حکام کے مطابق اگر تمام صارفین سے اوسط گیس قیمت 1890 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو وصول کی جائے تو گردشی قرضہ دوبارہ پیدا نہیں ہوگا، تاہم اس نوعیت کا فیصلہ سیاسی طور پر حساس ہو سکتا ہے۔

فیلڈ مارشل سے ملک کی کاروباری شخصیات کی ملاقات، معاشی اصلاحات پر گفتگو

آخری غور طلب معاملہ یہ ہے کہ اگر گردشی قرضے کا مسئلہ حل ہو جاتا ہے تو کیا موجودہ ناقص کارکردگی کی حامل سوئی گیس کمپنیاں اسی طرح کام جاری رکھیں گی یا انہیں تقسیم اور ترسیل کے نظام سے الگ کرکے نجی شعبے کے سپرد کیا جائے گا۔ اس ضمن میں حتمی فیصلہ ٹاسک فورس کرے گی تاکہ مستقبل میں قرضوں کا بوجھ دوبارہ نہ بڑھے۔

Back to top button