PIA کے ائیر آپریٹرز سرٹیفیکیٹ کا آڈٹ انسپکشن شروع

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قومی ائیرلائن پی آئی اے کا ائیر آپریٹرز سرٹیفیکیٹ (AOC) آڈٹ انسپکشن شروع کر دیا ہے۔
آڈٹ کے دوران پی آئی اے کے فلائٹ سیفٹی نظام، طیاروں کی انسپکشن، پائلٹس کے ریکارڈ اور ان کی ٹریننگ کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں پی آئی اے کے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ ائیر نیوی گیشن ریکارڈ، عالمی اداروں کی اجازت نامے اور دیگر متعلقہ دستاویزات مکمل طور پر تیار رکھیں۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ائیر آپریٹرز سرٹیفیکیٹ آڈٹ انسپکشن یورپ اور برطانیہ میں پی آئی اے کی فلائٹ آپریشن کی بحالی کے لیے ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
سول ایوی ایشن کے انسپکٹرز آڈٹ کے دوران طیاروں کی مینٹیننس، سیفٹی مینجمنٹ سسٹم اور آپریشنل طریقہ کار کی بھی جانچ کریں گے۔ پی آئی اے کا یہ آڈٹ انسپکشن 16 جنوری تک جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق اے او سی آڈٹ میں ائیرلائن کی مالی حالت، فلائٹ آپریشنز، طیاروں کی مینٹیننس، انجینئرنگ شعبہ، پائلٹس کی ٹریننگ اور لائسنس، کسٹمر سروس، سیفٹی مینجمنٹ اور فلائٹ سیفٹی کے بین الاقوامی معیار کا جامع جائزہ لیا جاتا ہے۔
