سویلینزکاملٹری ٹرائل عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،شیخ وقاص اکرم
پی ٹی آئی کےسیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کاکہنا ہے کہ سویلینزکاملٹری ٹرائل عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کاپشاورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہریوں کےملٹری ٹرائل پر یورپی یونین نےبھی تشویش کااظہار کیا ہے۔ہم اب بھی سمجھتے ہیں سویلینز کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونا چاہیے۔
شیخ وقاص اکرم نےکہاکہ ملٹری ٹرائل کےحوالے سے تمام قانونی آپشنز کو استعمال کیا جائے گا، حکومت کی معیشت کو تباہ کرنےکی سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔
رہنماپی ٹی آئی نے کہاکہ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ ہونا تھا، ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں فیصلے کو کیوں مؤخر کیا گیا؟ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں سمجھ نہیں آرہی کہ یہ فیصلہ کہاں لکھا جارہا ہے،یہ بریت کا کیس ہے اور اس میں کچھ نہیں ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ کیس سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے جس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا دینے کا منصوبہ ہے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس سارے یس میں عمران خان نے کوئی ذاتی فائدہ نہیں اٹھایا، پیسہ سپریم کورٹ کےپاس آیا، اگر یہ فیصلہ آیا تو اسے بین الاقوامی طور پر بھی دیکھا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے26 نومبر کےاحتجاج کےحوالے سے کہا کہ حکومت کہتی تھی ایک بھی گولی نہیں چلی، آج حکومت اس حد تک گر گئی ہے کہ مبینہ شہادتوں کو چھپانے کے لیے لواحقین اور ورثا کو اٹھا کر زبردستی بیان دلوائیں جارہے ہیں، شہادتیں چھپائی نہیں جاسکتی۔
شیخ وقاص اکرم نے دعویٰ کیا کہ شہدا کی تعداد 12 سے بڑھ کر 13 ہوگئی ہے، اٹھائے جانے کے ڈر سے زخمی کارکن ہسپتالوں میں نہیں جارہے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین ہونے والے مذاکرت کے حوالے سے کہا کہ ہماری جماعت نے دو نکات حکومت کے سامنے رکھ دیئے ہیں، یہ بات چیت کا آغاز ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کا عمران خان سے ملنا بہت ضروری ہے، ہماری جماعت کی خواہش ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی پر سختیوں کو کم کرے تاکہ کمیٹی اپنے قائد کو مل سکے تاکہ کوئی معنی خیز نتیجہ نکلے۔