کیا باہرسےپاکستان لائےگئےموبائل فون پرٹیکس ختم ہونےوالاہے؟

پی ٹی اے کی جانب سے تمام امپورٹڈ موبائل فونز پر ٹیکس کم کرنے کی خبریں جھوٹی نکلیں۔ درحقیقت ایف بی آر نے بیرونِ ملک سے منگوائے جانے والے استعمال شدہ موبائل فونز کی کسٹم ویلیو میں ردوبدل کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایپل، سام سنگ اور گوگل پکسل کے پُرانے ماڈلز کے درآمدی موبائل فون سستے جبکہ نئے یا زیادہ مقبول ماڈلز کے موبائل فون مزید مہنگے ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ایک عرصے تک پاکستان میں درآمد شدہ موبائل فونز پر سیلز ٹیکس پر چھوٹ تھی تاہم 2021 میں اس وقت کی وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر یہ استثنیٰ ختم کر دیا تھا جس کے بعد درآمد شدہ موبائل فونز کی قیمتوں میں خاطر خوا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تاہم موبائل صارفین کی ٹیکس حکام سے ایک بڑی شکایت استعمال شدہ موبائل فونز پر عائد بھاری ٹیکسز رہے ہیں۔ رواں ہفتے خبر سامنے آئی کہ پی ٹی اے نے درآمد شدہ موبائل فونز پر ٹیکس کم کر دیا۔جہاں اس خبر پر سوشل میڈیا پر کئی صارفین خوش ہوتے نظر آئے تو وہیں متعدد صارفین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پی ٹی اے نے درحقیقت ٹیکسز میں کمی نہیں کی بلکہ درآمد شدہ موبائل فونز کی کسٹم ویلیو میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ موبائل فونز کی کسٹم ویلیو میں ردوبدل کے نتیجے میں اب کن موبائل فونز کی قیمتوں میں کتنی کمی ہو سکتی ہے؟
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 62 اقسام کے پرانے اور استعمال شدہ برانڈڈ موبائل فونز کی نئی کسٹم ویلیو مقرر کی گئی ہے۔ جن کمپنیوں کے درآمد شدہ فونز کی کسٹم ویلیوز میں کمی کی گئی ان میں ایپل، سام سنگ، گوگل پکسل اور ون پلس شامل ہیں۔ اب بیرونِ ملک سے آنے والے استعمال شدہ موبائل فونز کی کسٹمز ویلیو اسی رولنگ کے مطابق طے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کسٹمز ویلیو اس سرکاری قیمت کو کہتے ہیں جس کے مطابق درآمد شدہ اشیا پر ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز لگائے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ اگر بیرونِ ملک سے استعمال شدہ آئی فون 150 ڈالر میں خرید رہے ہیں، لیکن اس کی کسٹمز ویلیو 200 ڈالر مقرر ہے، تو ڈیوٹی اور ٹیکس 200 ڈالر کے حساب سے ہی ادا کرنا ہوگا۔ماہرین کے مطابق نئی کسٹمز ویلیوایشن کے اثرات مارکیٹ پر بھی پڑیں گے۔وہ موبائل فونز جن کی کسٹمز ویلیو کم کی گئی ہے، صارفین کے لیے نسبتاً سستے ہو سکتے ہیں، جبکہ وہ ماڈلز جن کی ویلیو بڑھائی گئی ہے، اُن کی قیمتیں مقامی مارکیٹ میں بڑھنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق درآمدی موبائل فونز کی نئی کسٹمز ویلیو مرتب کرتے وقت موجودہ مارکیٹ کے رُجحانات، درآمدی ڈیٹا اور بین الاقوامی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے جبکہ فہرست میں شامل کئی پُرانے ماڈلز اپنی اینڈ آف لائف تک پہنچ چکے ہیں، جس کے پیشِ نظر اُن کی قیمتوں میں کمی کو بھی مدِنظر رکھا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں ایپل، سام سنگ، گوگل پکسل اور ون پلس کے مشہور اور استعمال شدہ موبائل فون ماڈلز شامل کیے گئے ہیں۔
نئی ویلیوایشن کے مطابق آئی فون 15، 14، 13، 12 اور 11 سیریز کے مختلف ماڈلز کے ساتھ ساتھ سام سنگ گلیکسی ایس 21، ایس 22 اور ایس 23 نوٹ سیریز، گوگل پکسل 9، 8، 7 اور ون پلس کے جدید فونز بھی فہرست کا حصہ ہیں جبکہ تینوں کمپنیوں کے پُرانے ماڈلز بھی شامل ہیں۔تاہم پُرانے ماڈلز کی کسٹمز ویلیو میں کمی جبکہ نسبتاً نئے اور مہنگے ماڈلز کی ویلیو برقرار یا زیادہ رکھی گئی ہے۔‘ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق استعمال شدہ آئی فون 15 پرو میکس کی ویلیو 460، جبکہ 14 پرو میکس کی کسٹمز ویلیو 360 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح سام سنگ گلیکسی ایس 23 الٹرا کی کسٹمز ویلیو 255،گوگل پکسل پرو نائن پرو ایکس ایل کی 260 جبکہ ون پلس 12 کی 184 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
موبائل فونز کی ویلیو میں کس حد تک کم کی گئی اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کسٹم ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری نئی فہرست کے مطابق آئی فون 15 پرو میکس کی ویلیو 460 ڈالر یعنی ایک لاکھ 28 ہزار 788 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل 256 جی بی کے آئی فون 15 پرو میکس کی قدر 1300 ڈالر مقرر تھی۔اسی طرح سام سنگ کے فلیگ شپ فون ایس 23 الٹرا جس کی ویلیو پہلے ایک ہزار ڈالر سے زائد تھی، اب اس کی کسٹم ویلیو 255 ڈالر مقرر کی گئی ہے جو پاکستانی روپے میں 71 ہزار 300 سے زائد بنتی ہے۔نئی کسٹم ویلیو کے مطابق، استعمال شدہ آئی فون 15 پرو میکس کی پاسپورٹ کو استعمال کرتے ہوئے رجسٹریشن پر 39 ہزار 693 روپے جبکہ شناختی کارڈ پر رجسٹر کروانے پر 45 ہزار 313 روپے ٹیکس ادا کرنے ہوں گے۔ اسی طرح سام سنگ کے فلیگ شپ فون ایس 23 الٹرا کو پاسپورٹ پر رجسٹر کروانے پر 24 ہزار 336 جبکہ شناختی کارڈ پر اس کی رجسٹریشن پر 26 ہزار 596 روپے ٹیکس ادا کرنے ہوں گے۔
کیا سونے کی قیمت ساڑھے 5 لاکھ فی تولہ سے بھی اوپر جانے والی ہے؟
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نئی کسٹمز ویلیوایشن کا مارکیٹ اور صارفین پر کیا اثر پڑے گا؟ماہرین کے مطابق نئی کسٹمز ویلیوایشن کے بعد پُرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی مقامی مارکیٹ میں قیمتوں پر واضح اثر پڑ سکتا ہے۔‘ نئی پالیسی کے تحت جن ماڈلز کی کسٹمز ویلیو کم کی گئی ہے، وہ صارفین کو نسبتاً سستے دستیاب ہو نگے جبکہ جن موبائل فونز کی ویلیو بڑھائی گئی ہے، مارکیٹ میں اُن کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔‘
