وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ کےپی سہیل آفریدی کی ملاقات ہوگئی

وزیراعظم شہباز شریف اور خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی پہلی باضابطہ ملاقات ہوگئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں دونوں رہنماؤں نے ابتدا میں نجی ملاقات کی اور بعد میں وفود کی سطح پر بھی ملاقات کی، جس میں وفاق اور صوبے کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفود کی ملاقات میں وفاق اور صوبے کے درمیان جاری معاملات پر بات ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وزیراعظم کو صوبے کے مسائل اور عوامی ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ دہشت گردی کی روک تھام اور حفاظتی اقدامات بھی زیر غور آئے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام اور صوبے کے مفاد میں یہ ملاقات ضروری تھی اور یہ عہدے کا تقاضا بھی تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی دعوت دی تھی اور اس موقع پر صوبے کے اہم مسائل پر بات ہوئی۔
سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ سے نیچے آگئی
انہوں نے مزید کہا کہ سابق فاٹا کے علاقوں پر 26 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں اور تمام معاملات حکومت کے سامنے رکھے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ میٹنگز کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں، مزید اجلاس بھی ہوں گے اور فیصلے وقت آنے پر سامنے آئیں گے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ملاقات میں کسی سیاسی موضوع پر بات نہیں ہوئی اور پی ٹی آئی کے بانی سے ملاقات کے حوالے سے بھی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ انہوں نے بلوچستان کے حالیہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، ملک یا صوبہ نہیں ہوتا۔
