کوچنگ تنازع کا ڈراپ سین: قومی ہاکی ٹیم 24 فروری کو اسلام آباد سے مصر روانہ ہو گی

پاکستان ہاکی ٹیم میں کوچنگ تنازع کے ڈراپ سین کے  بعد ٹیم نئے کوچز کی نگرانی میں 24 فروری کو اسلام آباد سے مصر کے لیے روانہ ہو جائے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی اور وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری عبوری صدر ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی ٹیم کے معاملات بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر کھلاڑی شکر گزار ہیں۔

عماد بٹ نے بتایا کہ پرانے کوچز کی جگہ نئی انتظامیہ کے تعینات ہونے سے ٹیم کا ماحول مثبت ہو گیا ہے، رمضان کے دوران رات کے ٹریننگ سیشن جاری ہیں اور کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصر میں یکم سے سات مارچ تک ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ٹیم کا ہدف ہے۔

پی ایچ ایف کے ایڈک صدر کا عہدہ سنبھالتے عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان

قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اس وقت لاہور میں جاری ہے، جہاں کھلاڑی رات بارہ بجے سے سحری تک ٹریننگ کر رہے ہیں۔ عبوری صدر محی الدین وانی تمام انتظامی امور دیکھ رہے ہیں۔

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کو ملائیشیا، آسٹریا اور چین کے چیلنجز کا سامنا ہوگا۔ سیمی فائنل میں رسائی پانے کی صورت میں پاکستانی ٹیم اگست کے دوسرے ہفتے ہالینڈ اور بیلجیم میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر سکے گی۔

کپتان نے کہا کہ آٹھ سال بعد ورلڈ کپ میں حصہ لینے کا یہ سنہری موقع ہے اور ٹیم قوم کو خوشیاں دینے کی پوری کوشش کرے گی۔

Back to top button