سپریم جوڈیشل، لااینڈ جسٹس کمیشن میں تقرریوں کیلئے کمیٹیاں قائم

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن، سپریم جوڈیشل، لا اینڈ جسٹس کمیشن میں تقرریوں کے لیے کمیٹیاں قائم کردیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے یہ کمیٹیاں قائم کی گئیں ہیں جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق قانون وانصاف کمیشن کےسیکریٹری کی تعیناتی کے لیے کمیٹی کی سربراہی خود چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے، کمیٹی میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید شامل ہوں گے، کمیٹی صوبائی چیف سیکریٹری کے نامزد امیدواروں کا انٹرویو کریں گے۔

جوڈیشل کمیشن کے سیکریٹری کی تقرری کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کی گئی،کمیٹی میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل اور اٹارنی جنرل شامل ہوں گے۔

سپریم جوڈیشل کونسل کے سیکریٹری کی تقرری کیلئےبھی 3 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور اٹارنی جنرل شامل ہیں۔

جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن کے سیکریٹریز کی تقرری کیلئےحاضر سروس اور ریٹائرڈ ایڈیشنل سیشن ججوں کے ناموں پر غور ہوگا، حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججوں کے نام صوبائی چیف جسٹس اور چیف سیکریٹری کریں گے۔

پہلے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں سندھ ہائیکورٹ میں12 ایڈیشنل ججوں کے لیے 46 ناموں پر غور کی گیا۔جوڈیشل کمیشن کو بھیجے گئے ناموں میں 6 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں سمیت 40 وکلا کے نام شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں سندھ ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کیلئے12 ناموں کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ تسنیم سلطانہ، خالد حسین، عثمان علی ہادی، نثار بھبھرو، جعفر رضا، حسن اکبر، عبدالحامد، جان علی جونیجو، میراں محمد شاہ، علی حیدر ادا، ریاضت علی، فیاض الحسن شاہ کو سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج سندھ ہائی کورٹ بنانے کی منظوری دی گئی۔

Back to top button