صنعتی،زرعی صارفین کیلئےاضافی بجلی کی کھپت پر رعایتی نرخ منظور

صنعتی اور زرعی ترقی کے فروغ کے لیے حکومتی سفارش پر نیپرا نے اضافی بجٹ کی کھپت پررعایتی نرخ منظورکرلئے۔
نیپرا کے مطابق صنعتوں اور زرعی شعبے کے اضافی بجلی یونٹس پر فی یونٹ چارج 22 روپے 98 پیسے ہوگا۔فیصلے کا خیرمقدم پاور ڈویژن نے کیا ہے اور نوٹیفکیشن کے اجرا کے لیے اقدامات شروع کر دیئےگئے ہیں۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہاکہ صنعتی پیکج سے ملک میں صنعتی اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 3 سالہ پیکج انڈسٹریل سیکٹر کو مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کے مواقع فراہم کرے گا۔
وزیر توانائی نے کہاکہ صنعتی اور زرعی شعبے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس لیے صنعتی شعبے کے اضافی یونٹس کی قیمت 34 روپے سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے اور زرعی شعبے کے اضافی یونٹس کی قیمت 38 روپے سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے کر دی گئی ہے۔ اس اقدام سے صارفین کی اوسط بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اگر زراعت میں پہلے 100 یونٹ استعمال کیے جاتے تھے تو اب اضافی 100 یونٹ استعمال کرنے پر اوسط قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی ہوگی۔ صنعت میں اگر ہزار یونٹ استعمال کیے جاتے تھے تو اضافی ہزار یونٹ پر اوسط قیمت میں تقریباً 5 روپے فی یونٹ کمی ہو گی۔
اویس لغاری نے کہاکہ اس اقدام سے صنعت کو مزید فروغ ملے گا اور عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے ہوں گے۔ ڈیٹا سینٹرز، کرپٹو مائننگ آپریشنز اور گرین فیلڈ انڈسٹریز بھی اس پیکج سے مستفید ہوں گی۔
