قومی اسمبلی سے بھی آئینی ترمیم منظورہوجائےگی،فیصل واوڈا

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آئین میں ترمیم کی کسی طرف سے مخالفت نہیں کی گئی۔قومی اسمبلی میں بھی آئینی ترمیم احسن انداز منظور ہوجائے گی۔

سینیٹ اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد فیصل واوڈا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دو تہائی اکثریت سے آئین میں ترمیم منظور کی گئی۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے لوگوں کو گمراہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کی اصلیت عوام کے سامنے آگئی، سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو نے قومی فریضہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ سینیٹ نے27ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری دے دی۔تحریک انصاف کا احتجاج،نعرے،ایوان مچھلی منڈی بنارہا۔

وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27ویں آئینی ترمیم کا بل ایوانِ بالا میں منظوری کے لیے پیش کیا، جسے کثرتِ رائے سے منظور کرنے کے بعد شق وار ووٹنگ کرائی گئی۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت اجلاس کے دوران وزیرِ قانون نے ترامیم کو ایک ایک کر کے ایوان کے سامنے رکھا۔

بل پیش کرنے کے موقع پر تحریک انصاف کے سینیٹرز نے شدید احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی ارکان نے بل کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اچھال دیں اور بڑی تعداد میں چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کے سامنے پہنچ کر نعرے بازی کی۔

Back to top button