آئینی عدالت کاچاروں صوبوں میں آئینی ڈیسک قائم کرنےکااعلان

وفاقی آئینی عدالتِ پاکستان نے وکلا اور سائلین کی سہولت کے لیے ایک اہم انتظامی قدم اٹھاتے ہوئے چاروں صوبوں کے دارالحکومتوں میں آئینی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تاکہ مقدمات کے اندراج اور درخواستوں کی وصولی میں آسانی پیدا کی جا سکے۔

وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق آئینی عدالت کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام مقدمات، درخواستیں، اپیلیں اور دیگر قانونی امور اب اسلام آباد کے علاوہ صوبائی ہیڈکوارٹرز میں قائم آئینی ڈیسکوں پر بھی جمع کرائے جا سکیں گے۔

سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں قائم کیے گئے یہ آئینی ڈیسک تاحکمِ ثانی کام کرتے رہیں گے، جہاں سائلین اور وکلاء اپنی درخواستیں اور کیسز جمع کرا سکتے ہیں۔

آئینی عدالت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دور دراز علاقوں سے آنے والے وکلا اور سائلین کو اسلام آباد سفر کی زحمت سے بچانا اور عدالتی نظام تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔

یہ سرکلر وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے، جب کہ تمام متعلقہ اداروں، بار کونسلز اور اعلیٰ عدالتوں کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

 

 

Back to top button