متنازع سوشل میڈیا پوسٹ : فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری

 

 

 

پی سی بی نے متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کے معاملے پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی( کے مطابق فاسٹ بولر نسیم شاہ کو سینٹرل کنٹریکٹ،میڈیا پالیسی اور ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور شوکاز نوٹس پی سی بی کے ڈسپلنری فریم ورک کے تحت جاری کیا گیا۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو مقررہ وقت کے اندر اپنا جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے اور جواب موصول ہونے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد ہی آئندہ کسی کارروائی کا فیصلہ کیاجائے گا۔

پی سی بی کے مطابق پیشہ ورانہ معیار،معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو ہرصورت برقرار رکھا جائے گا۔

ذرائع کےمطابق الزامات ثابت ہونےکی صورت میں نسیم شاہ کا سینٹرل کنٹریکٹ خطرے میں پڑسکتا ہے۔نسیم شاہ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز نسیم شاہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں قذافی سٹیڈیم آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایاتھا۔بعدازاں نسیم شاہ نے سوشل میڈیا پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی اور کہا تھاکہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا جسے ری کور کرلیا گیا ہے۔

 

Back to top button