متنازع ٹوئٹس کیس: ایمان مزاری اور ہادی علی کو 17،17 سال قید کی سزا

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹوئٹس کے مقدمے میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنادی۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے متنازع ٹویٹس کیس کا مختصر فیصلہ سنایا۔ 22 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ بھی جاری کردیا گیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو پیکا ایکٹ کے سیکشن 9 کے تحت 5، 5 سال قید اور 50لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
فیصلے کے مطابق سیکشن 10 کے تحت 10، 10 سال قید اور 3کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جب کہ سیکشن 26 اے کےتحت 2، 2 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ ایمان مزاری،ہادی علی چٹھہ کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید اور 3 کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائیں۔
عدالت نے پیکا سیکشن 11 میں دونوں ملزمان کو بری کردیا۔
قبل ازیں سماعت کے دوران ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ وہ عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر رہے ہیں،جس کےبعد انہوں نے سماعت میں شرکت نہیں کی۔
یادرہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے لڑائی جھگڑے کےمقدمے میں دونوں کو گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
