افواج اور عوام کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائےگی، کور کمانڈرز کانفرنس

چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان عزت و وقار سے آگے بڑھ رہا ہے، افواج اور عوام کے درمیان کسی کو تفرقہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے  معصوم شہریوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

فورم نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور غیر ملکی ایما پر دہشتگردی کے فروغ کے خلاف مادر وطن کا دفاع  کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے  پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل نےحالیہ مہینوں میں ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں افواج ِ پاکستان کی پُرعزم  کاوشوں کوسراہا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ حکومت اور پاک فوج  کی مشترکہ کوششوں اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ہمارا ملک بتدریج  مگر یقینی طور پر استحکام، وسیع تر مواقع اور عزت ووقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔

فورم نے اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیتے ہوئے ملک کو درپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔

شرکا کانفرنس نے اس بات کا اعادہ کیاکہ بھارتی سرپرستی میں تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے ساتھ فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔ فورم نے دہشتگردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کر دیا۔

کور کمانڈرز نے کہاکہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ عناصر  سیاسی  ہوں یا کوئی بھی ہوں۔ فورم نے کہاکہ مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں۔

فورم نے بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا، جو مقامی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور سماجی روابط کے ذریعے گورننس سے جڑے دہشت گردی کے عوامل کا خاتمہ کرتے ہیں۔

شرکا کانفرنس نے پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قومی ایکشن پلان کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے عوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی ثابت قدمی کا اعادہ کیا۔ شرکا کانفرنس نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی بھی  توثیق کی۔

شرکا نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، بلا روک ٹوک انسانی رسائی اور فلسطینی ریاست کے لیے ایک قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے  کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

 

Back to top button