پنجاب میں منشیات کے خاتمے کےلیے کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا قیام

پنجاب میں منشیات کے خاتمے کے لیے کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) کا قیام عمل میں آگیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، اور جلد ہی صوبے کو منشیات سے پاک کر دیا جائے گا۔

لاہور کے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے آغاز کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے انسداد منشیات فورس کے دستے کو فلیگ سونپا اور پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر مظہر اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں تمام ڈویژنز میں اسٹیشنز اور ریجنل ڈائریکٹوریٹس قائم کیے جاچکے ہیں جب کہ دوسرے مرحلے میں اس کا دائرہ کار ضلعی سطح تک بڑھایا جائے گا۔

بریگیڈیئر مظہر اقبال نے بتایا کہ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کو جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی اور آپریشنل گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، جب کہ اہلکاروں کو راولپنڈی میں واقع اے این ایف اکیڈمی سے 12 ہفتوں کی تربیت بھی دی گئی ہے۔ سی این ایف کےلیے 2.33 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور اس کا دائرہ عمل جیلوں اور تعلیمی اداروں تک وسیع کیا جائے گا۔

تقریب کے دوران سی این ایف کے افسران اور جوانوں نے وزیراعلیٰ کو جنرل سلامی دی اور حلف اٹھایا۔ وزیراعلیٰ نے اہلکاروں کے جذبے، نظم و ضبط اور تربیت کو سراہتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔

پروٹیکٹڈ صارفین کی کیٹیگری ختم کرنے کی تیاری، 2027 سے غریب صارفین کو نقد سبسڈی ملے گی

مریم نواز نے فورس میں شامل خواتین اہلکاروں کی مارچ کو سراہتے ہوئے کہاکہ سی این ایف کی تشکیل سے پنجاب کا مستقبل محفوظ نظر آ رہا ہے۔

Back to top button