فیلڈ مارشل سے ملک کی کاروباری شخصیات کی ملاقات، معاشی اصلاحات پر گفتگو

فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملک کی نمایاں کاروباری شخصیات نے ملاقات کی، جس میں انہیں ملکی معیشت کی موجودہ صورت حال اور مستقبل کے چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز کی قیادت میں وفد نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں اپٹما کے چیئرمین کامران ارشد، ایس ایم تنویر اور دیگر کاروباری رہنما شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایف پی سی سی آئی اور لاہور چیمبر آف کامرس کے صدور بھی موجود تھے۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھاکہ ملاقات کے دوران جنرل عاصم منیر کو ملکی معیشت سے متعلق اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں اور کاروباری برادری حکومت کی معاشی پالیسیوں کی حمایت کر رہی ہے۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں، جب کہ شرح سود کو مہنگائی کی سطح کے مطابق کم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ سے متعلق کاروباری طبقے کے تحفظات کو دور کیا جانا چاہیے،برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دیا جائے،بجٹ تقریر میں کیےگئے وعدے پورے ہوں اور ملکی کپاس و کسانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

Back to top button