عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے آزادی مارچ سے متعلق دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی۔
عدالت میں بتایا گیا کہ علی امین گنڈاپور متعدد بار طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے، جس پر مجسٹریٹ نے ان کی مسلسل غیر حاضری کو بنیاد بنا کر وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
علی امین گنڈاپور اور دیگر کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں دو مقدمات درج ہیں۔ ان ہی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنما پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔
عدالت نے کیسز کی مزید سماعت 5 جنوری تک ملتوی کر دی۔
