عدالتیں فیصلے تو کر رہی ہیں مگر انصاف نہیں مل رہا،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کاکہناہےکہ ہماری عدالتیں فیصلے تو کر رہی ہیں مگر انصاف نہیں مل رہا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے قومی کانفرنس سے خطاب ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ آج اس کی حکومت ہے اور وہ کل بچ جائے گا تو ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔آج میرے لیڈر کے خلاف ناانصافی پر مبنی فیصلہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کا بار بار ذکر کیا جاتا ہے، تاہم حقیقت یہ ہے کہ 26ویں ترمیم سے قبل بھی انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ترمیم سے پہلے بھی ادارے اور جمہوری نظام مفلوج تھے اسی لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان بائیومیٹرک نظام کے ذریعے شفاف انتخابات کے حامی تھے، انہوں نے عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری عدالتیں فیصلے تو کر رہی ہیں مگر انصاف نہیں مل رہا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف بوگس مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی جماعت ہی رہنا چاہیے اور کسی کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی لوگوں کے خلاف غلط روایات قائم کی جا رہی ہیں، جو جمہوریت کے لیے خطرناک ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ جدوجہد جمہوریت کی مضبوطی کی جنگ ہے اور اس جنگ کو ہر صورت جیتنا ہو گا۔

 

Back to top button