پی ٹی آئی مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار

اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار کرلی۔

ڈی چوک تک پہنچنے والوں کےخلاف سخت کریک ڈاؤن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، اسلام آباد پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کو آج ہی مظاہرین سے خالی کروایا جائے گا، ڈی چوک کے اطراف سیکٹرز میں قائم تمام مارکیٹس کوانتظامیہ نےبند کروادیا ہے۔۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ میلوڈی، بلیو ایریا، آبپارہ، ایف 6 اور ایف7 کی مارکیٹیں سیل کردی گئیں۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل بھی تمام تعلیمی ادارےبند رہیں گے، موجودہ صورتحال کے پیش نظر27 نومبر کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج اورمظاہرین کی آمدکے پیش نظر ڈی چوک اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہےجب کہ ڈی چوک کی طرف بڑھنے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سےپی ٹی آئی کی ریلی کی قیادت کرنے والوں سمیت اہم رہنماؤں کی گرفتاری کی بھی ہدایات کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان نے24نومبر کو اسلام آباد ڈی چوک پر احتجاج اوردھرنے کا اعلان کرتےہوئےتمام رہنماؤں، اراکین پارلیمنٹ اور کارکنوں کواحتجاج میں شرکت کی ہدایت کی تھی۔

بانی پی ٹی آئی کی اپیل پرکے پی، پنجاب سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوئے تاہم حکومت نے کئی مقامات پرکنٹینرز لگا کراوررکاوٹیں کھڑی کر دیں۔اس کے باوجود پی ٹی آئی کے احتجاجی قافلہ بشریٰ بی بی اورعلی امین گنڈاپورو دیگر کی قیادت میں قافلہ اسلام آباد کی جانب گامزن اورپشاور موڑ پردھرنا دینےکااعلان کیا۔

گزشتہ روزپی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے اور حکومت کی جانب سے انہیں پشاورموڑ نہیں سنگجانی میں احتجاج یا دھرنا دینےکی پیشکش کی گئی تھی اور یہ بھی پیغام دیا گیا تھا کہ پیغام دیا گیااسیران کی رہائی کیلئے کمیٹی تشکیل دی جاسکتی ہے۔

Back to top button