پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی پابندیوں کا کریڈٹ پی ٹی آئی کو جاتا ہے: احسن اقبال
وفاقی وزیر برائےمنصوبہ بندی، احسن اقبال نےکہا ہے کہ میزائل پابندیوں سےمتعلق کریڈٹ پی ٹی آئی کی بیرون ملک قیادت کو جاتا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا پی ٹی آئی نےامریکا میں پاکستان کے خلاف لابنگ کی ہے، پی ٹی آئی نےان تمام لوگوں کے ساتھ ہاتھ ملایا جو پاکستان کی ریاست کےدشمن ہیں۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کےاندر ایسے لوگ موجود ہیں جو سیاسی طور پر تجربہ رکھتےہیں، اڈیالہ جیل میں موجود شخص کا رویہ انتشار پر مبنی ہے،اصل چیز یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیا چاہتے ہیں۔
احسن اقبال نےکہا کہ 190 ملین کیس کا فیصلہ آنے والا ہے، جو اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔کیا پی ٹی آئی اس وقت اپنے لئے کوئی این آر اوحاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کے بانی کو سزاؤں میں تخفیف ہوجائے یا حکومت ان کیسز کی پیروی سے پیچھے ہٹ جائے،حکومت کی ترجیح ہے کہ ملک میں امن و استحکام ہو، پی ٹی آئی کا فرض ہے کہ پارلیمان میں آکر سیاست کرے۔
مدارس رجسٹریشن بل کے تنازع سےمتعلق سوال پر احسن اقبال کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان قابل احترام اور دیرینہ ساتھی ہیں، مدارس بل کےمعاملے کوخوش اسلوبی کے ساتھ حل کرلیں گے۔
فضل الرحمان کی مدارس رجسٹریشن کی تجاویزپر پیشرفت، وزیراعظم کی معاملات جلد حل کرنے کی ہدایت
وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو، حکومت نےہمیشہ کوشش کی کہ سیاسی درجہ حرارت کو کم رکھا جائے۔
انہوں نےکہا کہ 26 ویں ترمیم پر اپوزیشن نے کہا کہ اتفاق رائے سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، ہم نے26 ویں ترمیم کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائی، اتفاق رائے سے منظور کرائی۔
دوسری جانب ماہر قومی سلامتی امور سید محمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ اپنے آخری دنوں میں بائیڈن انتظامیہ ٹرمپ انتظامیہ کے لیے بارودی سرنگیں لگا رہی ہے،بہت سے شعبوں میں مشکلات پیدا کر رہی ہے،پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام پر ان پابندیوں کا اثرنہیں پڑے گا۔