کولمبو میں پاک بھارت ہائی وولٹج ٹاکرے سے قبل کرکٹ کا جنون عروج پر

کولمبو میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ سے قبل کرکٹ کا جنون اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے۔

شہر بھر میں، خاص طور پر پریماداسا اسٹیڈیم کے اطراف، پاکستانی ٹیم کے لیے شائقین کی بھرپور حمایت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اسٹیڈیم کے باہر شائقین کی بڑی تعداد جمع ہے، جس سے فضا جوش و خروش سے سرشار ہے۔

انتظار کی گھڑیاں ختم: پاک بھارت ہائی وولٹج ٹاکرا آج ہوگا

ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ انتظار کیے جانے والے میچوں میں شمار ہونے والے اس مقابلے سے قبل اسٹیڈیم کے ارد گرد سبز رنگ چھایا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ پاکستانی شائقین کے ساتھ ساتھ کئی سری لنکن کرکٹ مداح بھی پاکستان کی حمایت کر رہے ہیں، متعدد مقامی افراد گرین شرٹس پہنے اور پاکستان کے پرچم لہراتے نظر آئے۔

اسٹیڈیم کے گردونواح کی سڑکیں فین زون کا منظر پیش کر رہی ہیں، جہاں نعرے، جھنڈے اور ٹیموں کے رنگ غالب ہیں۔ شائقین کو ایک ساتھ خوشیاں مناتے دیکھا گیا، جس میں پاکستان اور سری لنکا کے پرچم ایک ساتھ لہرا رہے تھے۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ مقابلہ محض ایک میچ نہیں بلکہ عالمی کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا ہے، جس کی گونج دونوں ممالک سے بہت دور تک سنائی دیتی ہے۔

پاک بھارت ٹاکرا: کولمبو میں بارش کے امکانات کم ہو گئے

یہ جوش و خروش صرف اسٹیڈیم تک محدود نہیں بلکہ کولمبو کے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور مارکیٹوں میں بھی نظر آ رہا ہے۔ مختلف ممالک سے آئے شائقین خصوصی طور پر اس ہائی پروفائل میچ کو دیکھنے کے لیے پہنچے ہیں، جس سے شہر کا ماحول ایک اسپورٹس فیسٹیول کی طرح بن گیا ہے۔

Back to top button