عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر تنقیید،روی چندرن نے شری واستو کو خاموش کرا دیا

پاکستان کے اسپنر عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر تنقیید کرنے والے بھارتی ڈومیسٹک کرکٹر اور کمنٹیٹر شری واستو گوسوامی کو سابق بھارتی آف اسپنر روی چندرن ایشون نے کرارا جواب دیکر خاموش کرا دیا۔
گوسوامی نے سوشل میڈیا پر امریکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ میں عثمان طارق کی بولنگ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے ایکشن، خصوصاً گیند کروانے سے قبل وقفہ لینے (pause) پر اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے لکھا کہ جیسے فٹبال میں پنالٹی کک کے دوران رک کر شاٹ مارنے کی اجازت نہیں، ویسے ہی بولر کا اس طرح رکنا کیسے درست قرار دیا جا سکتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ایکشن تو ٹھیک ہو سکتا ہے، لیکن اتنا وقفہ لینا قابل قبول نہیں۔
اس تنقید پر روی چندرن ایشون، جو خود بھی اپنے کیریئر میں منفرد انداز اپناتے رہے ہیں، نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ فٹبال کی مثال درست ہو سکتی ہے، مگر کرکٹ میں بیٹرز کو تو یہ آزادی حاصل ہے کہ وہ بغیر اطلاع ریورس شاٹ کھیلیں یا بیٹنگ کے دوران اپنا اسٹانس اور ہاتھ تبدیل کر لیں۔ پھر پابندیاں صرف بولرز پر کیوں عائد ہوں؟
ایشون نے مزید نشاندہی کی کہ بولر کو دوسرے ہاتھ سے گیند کروانے کے لیے امپائر کو پیشگی اطلاع دینا لازم ہے، اس لیے قوانین میں توازن ہونا چاہیے۔ ایک اور تفصیلی پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بولنگ ایکشن کی قانونی حیثیت کا حتمی فیصلہ آئی سی سی کے ٹیسٹنگ سینٹر میں ہوتا ہے، اور موجودہ قوانین کے مطابق 15 ڈگری تک بازو کا خم قابل قبول ہے۔ ان کے مطابق گیند کروانے سے پہلے معمولی وقفہ لینا قوانین کے دائرے میں آتا ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ میچ میں عثمان طارق نے امریکا کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
