CTD نے’را‘ سے تعلق رکھنے والے 12 مشتبہ دہشتگرد وں کو گرفتار کر لیا

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے مبینہ تعلق رکھنے والے 12 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے۔ مزید یہ کہ ’را‘ سے منسلک افراد سے حساس تنصیبات اور اداروں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی حاصل ہوئیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان کے پاس سے ایک مدرسے اور ایک میلے کی ویڈیوز، تصاویر اور لوکیشن ڈیٹا بھی ملا ہے۔
بیان کے مطابق لاہور سے سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز نامی ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جبکہ فیصل آباد سے دانش اور بہاولپور سے رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف کو پکڑا گیا، جو مبینہ طور پر ’فتنہ الہندوستان‘ گروہ سے وابستہ تھے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت سے چلائی جانے والی ایک فیس بک آئی ڈی جس کا نام ’عادل‘ ہے، کی مدد سے ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی۔ ترجمان کے مطابق سکھ دیپ سنگھ پیدائشی مسیحی تھا اور کچھ عرصہ قبل اس نے اپنا مذہب تبدیل کیا تھا۔
مزید بتایا گیا کہ گرفتار افراد کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی جانب سے مالی مدد بھی فراہم کی جاتی تھی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
