8ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 68فیصد کمی

سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 68 فیصد کمی
کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مالی سال 2023 کے ابتدائی 8 ماہ میں 68 فیصد کم ہو کر 3.8 ارب ڈالر کی سطح پر آگیا جو گزشتہ برس اسی دوران 12 ارب ڈالر تھا۔
فروری کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں بڑی کمی دیکھی گئی جو گزشتہ برس کے 51 کروڑ 90 لاکھ کے مقابلے میں 7 کروڑ 40 لاکھ تک آگیا، جو فروری 2021 کے بعد ماہانہ بنیاد پر سب سے کم خسارہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق سالہ بہ سال کی بنیاد پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 86 فیصد کم ہوگیا ہے۔
کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کی وجہ درآمدات میں کمی جبکہ بڑے پیمانے پر برآمد یا ترسیلات نہ ہونا ہے تاہم توازن ادائیگی میں ملکی معیشت کے بیرونی محاذ پر واضح بہتری کی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور حکومت زرمبادلہ کے ذخائر میں بدترین کمی کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو پورا کرنے میں بھی ناکام رہی۔
فروری میں خسارہ جنوری کے 23 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں بہت کم تھا، اس کمی نے مالی سال 2023 کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا رجحان بنایا ہے اور گزشتہ برس کے مقابلے میں کئی گنا کم خسارے کے ساتھ سال کا اختتام ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17.4 ارب تھا۔
