مولانا فضل الرحمٰن سے معاملات طے پاگئے ہیں : شیخ وقاص اکرم

سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سے معاملات طے پاگئے،جن خدشات کا مولانا فضل الرحمٰن نے اظہار کیا،انہیں دور کیا جاسکتا ہے،دونوں جماعتیں مل بیٹھ کر مسئلہ حل کر سکتی ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں عید سے قبل اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بن جائے اور عید کے فورا بعد احتجاج کریں۔
مرکزی ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے معاملات طے پاگئے ہیں صرف عمران خان سے ملاقات کا انتظار ہے۔مولانا فضل الرحمٰن کے جو تحفظات تھے انہیں دور کرنے کی یقین کرائی گئی ہے۔دونوں جماعتیں مل بیٹھ کر مسئلہ حل کرسکتی ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ اپریل 2022 سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، حکمرانوں نے اس ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے،ملک کا فائدہ اسی میں ہےکہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے،اب شہری بیدار ہوگئےہیں اور انہیں علم ہے کہ کون سی خبر کہاں سے فیڈ ہورہی ہے؟ سوشل میڈیا پر بات کرنےوالوں کو اغوا کرلیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کاکہنا تھاکہ اگر کسی کے خلاف کچھ ہو تو مقدمہ درج کیا جائے، ایسے غائب کرنا مناسب نہیں۔
پی ٹی آئی کے خلاف فیک اکاؤنٹس بناکر ہمارے ورکرز کو نشانہ بنایا جارہا ہے، ہمیں خدشہ ہےکہ انہیں کہیں مس ٹریٹ نہ کیا جائے،نوجوانوں سے زبردستی اپنی تعریفیں نہیں کروائی جاسکتیں،آپ کے ایجنڈے پر نہ چلے تو وہ انتشاری ہوجاتے ہیں،وہ غیرملکی اداروں کے اہلکار ہیں؟
ان کا کہنا تھاکہ یہاں دیگر مسائل ہیں ان پر توجہ دی جائے،دہشت گردی کے خلاف کام کیا جائے،اس جعلی حکومت کو کوئی پروا نہیں کہ اس ملک کے ساتھ کیا ہونے والا ہے،ہم ان جعلی حکمرانوں کو ملک کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے،ہمارے کارکنوں،سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو ایسے اغوا کرنا قابل مذمت ہے۔
سیاستدان کب تک فوج سے مل کر ایک دوسرے کے خلاف سازشیں کریں گے؟
شیخ وقاص اکرم نےکہا کہ یہ بات کہنا غلط ہےکہ خیبرپختونخوا کی حکومت دہشت گردی سے غافل ہے،پولیس دہشت گردی کےخلاف موجودہ وسائل میں رہ کر خدمات انجام دے رہی ہے، عمران خان کے کہنے پر گرینڈ اپوزیشن الائنس کام کررہے ہیں اور جلد کامیابی ملے گی۔