ٹی 20ورلڈکپ میں بھارت کیساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا،وزیراعظم

اسلام آباد:  وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے  ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کیساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے، کھیل کے میدان میں سیاست بالکل نہیں ہونی چاہیے۔

وزیراعظم شہبازشریف  نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہم نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے، کھیل کےمیدان میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، ہم نے بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ بلوچستان میں فتنہ خوارج، فتنہ ہندوستان نے دہشت گرد حملہ کیا، ہماری بہادر افواج نے دہشت گردوں کا بھرپور جواب دیا، جوابی کارروائی میں 180 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ  دہشتگرد حملے میں 17 جوان اور 31 شہری شہید ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کے کھڑی ہے،  مزدوروں اور بچوں کے قتل پر پوری قوم افسردہ ہے۔

ایران کے حوالے سے  گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایران کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے برادرانہ کردار ادا کیا،  میری ،نائب وزیراعظم، فیلڈمارشل کی مختلف اوقات میں ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں اورٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ  قطر،ترکیے،مصر اور دیگرممالک نے بھی ایران کے معاملے پرکوششیں کی ہیں، پوری کوشش ہے کہ ایران کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو، چاہتے ہیں، خطے میں منڈلاتے خطرات ختم ہوجائیں،  خظے میں دیرپا امن چاہتےہیں۔

Back to top button