عمرسرفراز چیمہ کی 2مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پرفیصلہ محفوظ

 لاہور کی اے ٹی سی نے سابق گورنرعمرسرفراز چیمہ کی 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ عمر سرفراز چیمہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف قائم مقدمات بے بنیاد ہیں۔ دوسری جانب سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تفتیش میں قصور وار پائے گئے ہیں، لہٰذا ان کی ضمانت مسترد کی جائے۔

وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا، جو مناسب وقت پر سنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ عمر سرفراز چیمہ کے خلاف تھانہ ریس کورس اور مغلپورہ میں مقدمات درج ہیں۔ یہ مقدمات 9 مئی کے ملک گیر احتجاج کے تناظر میں قائم کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد ملک بھر میں شدید احتجاج پھوٹ پڑا تھا، جس دوران متعدد فوجی، سرکاری اور نجی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔ ان پرتشدد مظاہروں میں کم از کم 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 290 سے زائد زخمی ہوئے۔

لاہور میں جناح ہاؤس پر دھاوا بولا گیا اور راولپنڈی میں جنرل کا ایک داخلی دروازہ بھی توڑ دیا گیا تھا۔ ان واقعات کے بعد ملک بھر سے کم و بیش 1900 افراد کو گرفتار کیا گیا اور عمران خان سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

Back to top button