بجلی ایک روپے 78پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی ایک روپے 78 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کی  سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی  کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع درخواست پر سماعت کی۔

نیپرا نے سماعت کے بعد  ایک روپے 78 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو بعد میں سنایا جائے گا۔

نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق جو بھی فیصلہ ہوگا اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔

دوسری جانب ممبر نیپرا پنجاب آمنہ احمد نے کہا کہ ہمیں تو بہتری کی امید تھی مگر چیزیں الٹی طرف جارہی ہیں، بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

اس پر سی پی پی اےحکام نے کہا کہ پن بجلی سےکم پیداوار ہوئی اور کھپت زیادہ رہنے سے قیمت میں اضافہ ہوا، پیک ڈیمانڈ بڑھنے سےطلب پوری کرنے کے لیےفرنس آئل والے پلانٹس چلائے گئے۔

Back to top button