خیبرپختونخوا میں سیاسی شخصیات کے ناموں پر نمبر پلیٹس کی نیلامی کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف، بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر اہم سیاسی و قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل نمبر پلیٹس کی نیلامی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فینسی اور یونیک چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں منعقد ہوگی۔ یہ نمبر پلیٹس مختلف سیاسی اور قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل ہوں گی۔

فخر جہاں کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی بولی کا آغاز 10 لاکھ روپے سے کیا جائے گا، جبکہ سب سے زیادہ بولی دینے والے شخص کو اپنی پسندیدہ سیاسی یا قومی شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ الاٹ کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مرحلہ وار دیگر قومی قیادت، معروف شخصیات، علاقوں اور اقوام کے ناموں سے منسوب نمبر پلیٹس بھی نیلامی میں شامل کی جائیں گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گاڑی مالکان نیلامی کے عمل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور اس اقدام سے قومی خزانے کو خاطر خواہ فائدہ متوقع ہے۔ یونیک نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے شہریوں نے دستک ایپ کے ذریعے درخواستیں جمع کرانا شروع کر دی ہیں۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی سے متعلق باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ نیلامی میں شرکت کے خواہشمند افراد دستک ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔

Back to top button