خیبر پختونخوا : امن و امان کے قیام کےلیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا صوبے میں امن و امان کے قیام کےلیے آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی ) بلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں سیاست سے بالاتر ہوکر مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران تمام مکاتب فکر اور عوام کی مشاورت سے دہشت گردی کے خاتمے کےلیے ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا،جب کہ حکومتی نمائندہ وفد تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ وفد مختلف علاقوں کا دورہ کرے گا تاکہ عوامی مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ اس مقصد کےلیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی اور تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ عوامی نمائندے یک زبان ہوکر دہشت گردی کے خاتمے کی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنائیں۔ اس سلسلے میں ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے ایم پی ایز اور ایم این ایز کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر دیا

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ دیرپا امن صرف نتیجہ خیز اقدامات، باہمی مشاورت اور اجتماعی فیصلوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

Back to top button