فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کو ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ایف سی کو وفاقی دائرہ اختیار حاصل ہوگا اور اس کا نیا نام "فیڈرل کانسٹیبلری” رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ایکٹ 1915 میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد آرڈیننس جاری کر کے اس فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد نئی فیڈرل کانسٹیبلری کو چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں کام کرنے کا باقاعدہ اختیار حاصل ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں نئی فورس کے لیے بھرتیاں کی جائیں گی، اور اس مقصد کے لیے مختلف شہروں میں دفاتر قائم کیے جائیں گے۔

تنظیمِ نو کے فریم ورک کے تحت فیڈرل کانسٹیبلری کی کمانڈ پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کے سپرد ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے داخلی سلامتی کو مضبوط بنانے، امن و امان کی بحالی اور بین الصوبائی کارروائیوں میں مربوط تعاون کو فروغ ملے گا۔

Back to top button