PSL کے 10ویں ایڈیشن کی پلیئرز ڈرافٹنگ گوادر میں کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی بلوچستان کے شہر گوادر میں کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کے لیے منتخب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تقریب جو لیگ کی تقریبات کا آغاز کرے گی بروز ہفتہ 11 جنوری 2025 کو منعقد ہوگی، ایونٹ کے آغاز کا وقت جلد ہی شیئر کیاجائے گا۔
پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کےلیے گوادر کو منتخب کرنے کا فیصلہ بلوچستان میں کرکٹ کی مقبولیت کے فروغ اور نوجوانوں کو کرکٹ کو پیشہ ورانہ کھیل کےطور پر اپنانے کی ترغیب دینے کےلیے کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہےکہ گوادر، اپنی شاندار ساحلی پٹی اور اسٹریٹجک اہمیت کےساتھ پاکستان کے معاشی مستقبل کے دل کی حیثیت رکھتا ہے۔یہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کر کے ہمارا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرناہے۔ ساتھ ہی کرکٹ کےذریعے قومی یکجہتی کا جشن بھی منانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں 11 جنوری کو خوبصورت شہر گوادر میں تمام فرنچائزز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا خیر مقدم کرنےکا منتظر ہوں کیوں کہ ہم پاکستان کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے 10ویں ایڈیشن کے آغاز کی طرف ایک اہم قدم اٹھارہے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاک بھارت میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے : آئی سی سی
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کاکہنا ہےکہ مجھے گوادر کو پلیئر ڈرافٹ کے میزبان شہر کےطور پر اعلان کرنے پر بہت فخر ہے،یہ اقدام پی ایس ایل کی رسائی کو پاکستان کے کونےکونے تک پھیلانے اور پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے دکھانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل پاکستان کے شائقین کےلیے صرف ایک کرکٹ لیگ نہیں بلکہ پاکستان کے جوش،تنوع اور صلاحیتوں کا جشن ہے۔گوادر میں پلیئر ڈرافٹ کا انعقاد نوجوان کرکٹرز کو، خاص طور پر بلوچستان اور دیگر شہروں سے، بڑے خواب دیکھنےکی ترغیب دینے کی جانب ایک قدم ہے۔
