مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کافیصلہ

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا ابتدائی خاکے کی تیاری شروع کردی گئی۔
وفاق اور صوبوں کے درمیان مشرق وسطی کی پیدا ہونیوالی صورتحال کے باعث عام آدمی کو اس کے اثرات سے بچانے کیلئے ٹارگٹڈسبسڈی کے ممکنہ نظام کا ایک ابتدائی خاکہ تیار کر کے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ شیئر کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی حکومت اور صوبوں کی اعلیٰ سیاسی قیادت کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور سبسڈی کے طریقہ کار پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کو وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ (ویڈیو لنک کے ذریعے)، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، اور وزیرِ خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم ویڈیو لنک کے ذریعے نے شرکت کی اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز (ویڈیو لنک کے ذریعے)، وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ جبکہ وزارتِ خزانہ، پٹرولیم، آئی ٹی و ٹیلی کام کے وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں، ڈویڑنز اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام بھی شریک ہوئے۔
وزیرِ خزانہ نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور واضح کیا کہ یہ اجلاس اعلیٰ سیاسی قیادت کی رہنمائی میں جاری مشاورت کا تسلسل ہے جس کا مقصد پیٹرولیم قیمتوں اور سبسڈی اصلاحات کے لئے ایک مربوط اور پائیدار حکمتِ عملی تشکیل دینا ہے۔
