لڑکیوں کی ویکسین مہم ستمبر سے شروع کرنےکافیصلہ

سندھ بھر میں 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو ہیومن پیپیلوما وائرس سے تحفظ دینے کے لیے حفاظتی ویکسین مہم ستمبر سے شروع کی جائے گی، جس کے دوران 4.1 ملین بچیوں کو ویکسین دی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شاہ محمد شیخ نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں آئندہ ماہ سے 9 سے 14 سال کی لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے HPV ویکسین لگائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے محکمہ صحت سندھ نے تیاریاں مکمل کرنا شروع کر دی ہیں۔
ڈاکٹر شاہ محمد کے مطابق، مہم کے دوران صوبے بھر میں 4.1 ملین لڑکیوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تربیت جاری ہے، جو ویکسینیشن مہم سے قبل والدین کو گھروں میں جا کر آگاہی فراہم کریں گی۔
