وزیردفاع 2 روزہ دورے پر مراکش پہنچ گئے

وزیر دفاع خواجہ آصف 2 روزہ دورے پر مراکش پہنچ گئے، جہاں اُن کا استقبال مراکشی فوج اور اعلیٰ سرکاری حکام نے کیا۔
خواجہ محمد آصف 14 جنوری 2026 تک مملکتِ مراکش کا سرکاری دورے پر کاسابلانکا پہنچے۔
وزیر دفاع کا ایئرپورٹ آمد پر میجر جنرل احمد حطوطو، کمانڈر کاسابلانکا آرمی، اعلیٰ سرکاری حکام اور پاکستان کے سفیر سید عادل گیلانی نے استقبال کیا۔
اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے جو دونوں ممالک کے باہمی دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
وزیر دفاع مراکش کے وزیرِ مملکت برائے قومی دفاعی انتظامیہ عبد اللطیف لودیعی سے ملاقات کریں گے جبکہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت بھی کریں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط پاکستان اور مراکش کے دفاعی تعلقات میں ایک تاریخی اور باہمی مفاد پر مبنی پیش رفت کی حیثیت رکھتے ہیں۔
