ڈیگاری قتل کیس: بی بی بانو کے والد گرفتار، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے مقتولہ کے والد سمیت مزید افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق، اس کیس میں قبائلی شخصیت سردار شیر باز ساتکزئی اور بشیر احمد کو گرفتار کر کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا گیا ہے، جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔

اس کے ساتھ ہی مقتولہ بی بی بانو کے والد گل جان کو بھی حراست میں لے کر عدالت میں پیش کیا گیا، جس کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی والدہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے سوشل میڈیا پر قتل کے عمل کو جائز قرار دیتے ہوئے قبائلی سردار کی حمایت میں بیان دیا تھا۔ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ ہنہ اوڑک میں ایس ایچ او نوید اختر کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کی بنیاد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو بنی۔ ویڈیو میں واضح طور پر ایک مرد اور خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

جرگے کے حکم پر خاتون کے قتل کا معاملہ: عدالتی احکامات پر آج قبر کشائی کی جائے گی

 

واقعے پر انسانی حقوق کے کارکنان، سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے، اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ قتل ہونے والے دونوں افراد کے درمیان کوئی ازدواجی رشتہ نہیں تھا، دونوں پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کے بچے بھی ہیں۔

ادھر بلوچستان ہائیکورٹ نے بھی اس افسوس ناک واقعے کا ازخود نوٹس لے لیا ہے، اور مقدمے کی نگرانی اعلیٰ سطح پر کی جا رہی ہے۔

Back to top button