عمران خان سے متعلق عدالتی احکامات میں تاخیربرداشت نہیں ہوگی،سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود وفاقی حکومت جان بوجھ کر تاخیر کر رہی ہے حالاں کہ عمران خان کی صحت کو سیاست سے بالاتر رکھنا چاہیے۔

پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی  نے کہا کہ ان کی جماعت پی ٹی آئی کی جدوجہد پرامن ہے اور گزشتہ 2 دن سے جاری احتجاج کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت سیاست سے بالاتر معاملہ ہے اور ذاتی معالج اور اہلخانہ کی نگرانی میں علاج ان کا بنیادی حق ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ حکومت جان بوجھ کر افراتفری پیدا کرنا اور حالات خراب کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات دوبارہ کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم کارکنان کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرامن رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماڈل ٹاؤن، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات آج بھی قوم کو یاد ہیں اور عدالتی احکامات پر جتنی تاخیر ہوگی اتنا ہی ملک کے حالات خراب ہوں گے۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ کارکنان کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ اگر کوئی انتشار پھیلانے کی کوشش کرے تو اسے فوری طور پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔

Back to top button