شاہ عالم مارکیٹ کی مسماری قبول نہیں،تاجروں کےساتھ ہیں،فضل الرحمان

جےیوآئی کے امیرمولانافضل الرحمان کاکہناہے کہ خوبصورتی کے نام پر شاہ عالم مارکیٹ کی مسماری کسی صورت قبول نہیں،تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے متحدہ ایکشن کمیٹی سرکلر روڈ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں شاہ عالم مارکیٹ اور سرکلر روڈ پر ممکنہ مسماری کے خلاف تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔
ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت سات ہزار دکانوں اور پانچ سو گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے، جس سے لاکھوں افراد کا روزگار خطرے میں ہے۔ وفد نے مولانا سے اپیل کی کہ وہ اس اہم معاملے پر اپنا کردار ادا کریں۔
وفد کا کہنا تھا کہ حکومت روزگار چھیننا چاہتی ہے، لیکن مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی حکمت عملی اور عوامی طاقت کے آگے حکومت بے بس ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ مظلوم طبقات کا ساتھ دیا ہے اور ہم بھی اسی جذبے کے تحت مولانا سے تعاون چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے تاجر برادری کے مطالبات کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے نام پر لاکھوں لوگوں کو بےروزگار کرنا کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی پوری قوت کے ساتھ متاثرہ تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بجٹ میں مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، حکومت کی ناقص پالیسیوں نے غربت میں اضافہ کیا ہے، اور عوام کی قوتِ خرید ختم ہو رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے اعلان کیا کہ جے یو آئی اس معاملے پر جلد آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے گی، تاکہ سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مؤثر لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
ان کی ہدایت پر جے یو آئی کا ایک وفد کل شاہ عالم مارکیٹ کا دورہ کرے گا اور متاثرہ دکانداروں سے ملاقات کرے گا۔
ملاقات میں جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار، ترجمان حافظ غضنفر عزیز بھی شریک تھے، جبکہ ایکشن کمیٹی کے سرپرست ملک خالد، چیئرمین حاجی طاہر نوید، صدر شاہد اسلم، نائب صدر رانا مجاہد، حاجی خالد، حاجی اعجاز احمد، محمد اکرم، آفتاب مقصود، محمود حماد، نعمان بٹ اور آفتاب احمد بھی وفد کا حصہ تھے۔
اس کے علاوہ حاجی منظور آفریدی، جے یو آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ عبدالرحمن، طارق خان اور بزنس فورم لاہور کے صدر عبدالعزیز غازی نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
