دہشتگردی کے باوجود پاک فوج قومی سلامتی کے لیے پُرعزم ہے: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور مختلف نوعیت کے پیچیدہ چیلنجوں کے باوجود مسلح افواج قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا ایک اہم پروگرام ہے جو پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ سول و عسکری افسران اور تعلیمی و سماجی شعبوں سے وابستہ نمائندگان کو یکجا کرتا ہے۔

بیان کے مطابق ورکشاپ کے شرکا کو غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری قومی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں منشیات کی اسمگلنگ، منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں، بہتر بارڈر کنٹرولز اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی سے متعلق تازہ پیشرفت شامل تھیں۔

ورکشاپ سے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے فورسز بھی قومی سلامتی کے لیے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی صورتِ حال تیزی سے بدل رہی ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل مسابقت، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ حربوں کے اثرات نمایاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور اپنی حیثیت کے مطابق دنیا میں مقام حاصل کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ مارکۂ حق میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جذبے اور ثابت قدمی نے عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافہ کیا ہے، جبکہ قومی یکجہتی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان آرمی کے لیے ملک کی سرحدی سالمیت، سکیورٹی اور ہر شہری کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ان امور پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مربوط قومی کوششیں اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی نہایت ضروری ہے۔

Back to top button