ارشد شریف قتل کیس کی تفصیلی رپورٹ آئینی عدالت میں جمع

ارشد شریف قتل کیس سے متعلق تفصیلی رپورٹ آئینی عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئینی عدالت میں ارشد شریف قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کیس سے متعلق جامع رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ رپورٹ میں حکومت کی جانب سے اب تک کیے گئے اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں جے آئی ٹی کی تحقیقات سے متعلق نکات بھی بیان کیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ رپورٹ میں آئندہ کے لائحہ عمل کی وضاحت بھی کی گئی ہے۔

ان کے مطابق جے آئی ٹی کو شواہد اکٹھے کرنے کے لیے صرف کینیا جانا ہے، جبکہ موقع کا جائزہ لینے کے بعد تحقیقات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

اہم کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی، جس کے بعد عدالت نے مزید سماعت سردیوں کی عدالتی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔

Back to top button