وزیر اعظم کفایت شعاری مہم: کتنی تنخواہ سے کتنی کٹوتی ہوگی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

وفاقی حکومت نے ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت نئے اقدامات نافذ کرتے ہوئے آئندہ دو ماہ کے لیے تمام سرکاری غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری کارپوریشنز، خودمختار اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز اور ملکیتی اداروں کے اعلیٰ افسران کی تنخواہوں میں دو ماہ کے لیے کٹوتی کی جائے گی اور یہ رقم وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ 2026 میں جمع کرائی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تین لاکھ سے دس لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے افسران کی تنخواہ سے 5 فیصد، دس لاکھ سے بیس لاکھ روپے تنخواہ والوں سے 15 فیصد، بیس لاکھ سے تیس لاکھ روپے تنخواہ والوں سے 25 فیصد جبکہ تیس لاکھ روپے سے زائد تنخواہ لینے والوں سے 30 فیصد کٹوتی دو ماہ تک کی جائے گی۔

وفاقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور ریونیو ڈویژن پر ورک فرام ہوم اور چار روزہ ورک ویک کی پابندیاں لاگو نہیں ہوں گی تاکہ محصولات کے اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔

اسی طرح کسٹمز انفورسمنٹ اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کی آپریشنل گاڑیوں پر ایندھن میں کمی یا بندش کی پابندی نہیں ہوگی، تاہم مجموعی طور پر ایندھن کی بچت کے اہداف پورے کیے جائیں گے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سول آرمڈ فورسز بھی سکیورٹی ضروریات کے تحت ورک فرام ہوم اور چار روزہ ورک ویک سے مستثنیٰ ہیں۔ تاہم وہ شعبے جو براہ راست فیلڈ آپریشنز میں شامل نہیں ہیں، ان پر ایندھن میں 50 فیصد کمی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو بند رکھنے کی پابندی لاگو ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ اقدامات کابینہ ڈویژن کی 9 اور 10 مارچ 2026 کی ہدایات اور مانیٹرنگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیے گئے ہیں۔

Back to top button