ڈی جی آئی ایس پی آر کا مظفرآباد یونیورسٹی کا دورہ، طلبہ کا پاک فوج کو خراج تحسین

ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر، مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں کشمیری طلبہ نے روایتی انداز میں پرتپاک استقبال دیا۔
دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جامعہ کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ سوال و جواب کی نشست میں شرکت کی، جس میں علاقائی سلامتی، بھارتی جارحیت اور کشمیری عوام کے جذبۂ حریت پر گفتگو کی گئی۔
طلبہ نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی مؤثر حکمت عملی اور "آپریشن بنیان المرصوص” کے تحت بروقت جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جس کی آزادی کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔”
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں مداخلت کے خلاف پاک فوج کے کامیاب جوابی اقدامات کے بعد، ملک بھر کی جامعات میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی قیادت میں تعلیمی اداروں کے ساتھ آگاہی اور قومی ہم آہنگی کی نشستوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مخصوص نشستوں پر حلف میں تاخیر: مسلم لیگ ن کا پشاور ہائی کورٹ سے رجوع
گزشتہ ماہ کراچی کی جناح یونیورسٹی برائے خواتین میں بھی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ اپنے مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ’’فتنۂ ہندوستان‘‘ کے مٹھی بھر دہشت گرد ان رشتوں کو کبھی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا تھا کہ "آپریشن بنیان المرصوص” میں عوام، خاص طور پر طلبہ و طالبات نے بھرپور کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔
