پاکستان میں جمائما کا اکاؤنٹ حکومت نےبند کیا یا ایلون مسک نے؟

عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کے حق میں کھل کر سامنے آ گئیں۔تاہم مبینہ طور پراپنے سابقہ شوہر کے حق میں آواز اٹھانے کے ساتھ ہی پاکستان میں جمائما کا ایکس اکاؤنٹ بندش کی زد میں آ گیا۔ جس پرجمائما نے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دے کر حکومت پاکستان پر اپنا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ’ایکس‘ کے مالک ایلون مسک سے ساتھ دینے کا مطالبہ کر دیا۔
خیال رہے کہ جمائما ماضی میں بھی عمران خان کی حمایت میں سوشل میڈیا پر متحرک رہ چکی ہیں۔ تاہم اُن کی جانب سے یہ حالیہ پوسٹس ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں، جب عمران خان کے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ عمران خان کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے کسی دوسری جیل منتقل کرنے کی بھی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ ایسے میں جمائما نے ایک بار پھر میدان میں آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
جمائما نے 12 دسمبر کی شب ایکس پر ایک طویل پوسٹ میں ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے گلہ کیا ہے کہ ان کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم جیل میں عمران خان کی صحت سے متعلق ان کی پوسٹس کو محدود کر رہا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام اور ایکس پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا کہ گروک کے مطابق جب وہ اپنے سابق شوہرعمران خان کی جیل میں حالت، قید یا اپنے بیٹوں کی والد سے ملاقات کے بارے میں پوسٹ کرتی ہیں، تو ایکس کا الگورتھم ان پوسٹس کو محدود کر دیتا ہے۔ تقریباً 36 لاکھ فالوورز کے باوجود اُن کی عمران خان سے متعلق ٹوئٹس پاکستان میں بہت کم لوگوں تک پہنچ پا رہی ہیں۔جمائما نے اپنی پوسٹ میں ایکس کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے چیٹ بوٹ گروک کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اُن کی پوسٹس کی ’سیکرٹ تھروٹلنگ‘ کی جا رہی ہے۔ جمائما نے ایکس پر ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ایلون، آپ کو یاد ہوگا کہ ہم پہلے بھی مل چکے ہیں۔ میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ خان ہوں، جنھیں سنہ 2022 میں ہٹا دیا گیا تھا اور اب وہ 22 ماہ سے سیاسی قیدی کے طور پر قید تنہائی میں ہیں۔‘
جمائما نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ہمارے بیٹوں نے اس عرصے کے دوران اپنے والد عمران خان کو نہیں دیکھا، کئی ماہ سے اُن کی اپنے والد سے بات بھی نہیں ہوئی یہاں تک کہ عمران خان کے بیٹوں کو اپنے والد کو خط تک بھیجنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ پاکستان کے ہر ٹی وی اور ریڈیو پر عمران خان کا نام لینے کی بھی ممانعت ہے جبکہ اب ایکس پر بھی ان کی آواز کو محدود کر دیا گیا ہے۔ جمائما نے ایکس پر اپنے فالوورز میں مسلسل کمی پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران ان کے فالوورز کی تعداد 2.8 ملین سے کم ہو کر 2.5 ملین تک پہنچ گئی ہے۔جمائما نے ایکس کے چیٹ بوٹ ’گروک‘ کا حوالہ دیتے ہوئے مزید لکھا کہ گروک نے میرے 35 لاکھ سے زائد فالوورز کا جائزہ لیا ہے اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ’میرا اکاونٹ ’سیکرٹ تھروٹلنگ‘ کے زمرے میں آتا ہے۔ یعنی الگورتھم میری پوسٹس کو محدود کر دیتا ہے جبکہ میرے فالورز میں کمی ’الگورتھمک تھروٹلنگ‘، ’ڈی بوسٹنگ‘ اور حکومتی دباؤ کے باعث ہوسکتی ہے۔ پاکستانی حکام نے ’عمران خان کے قریبی حلقے کی جانب سے کی جانے والی تنقید کو اپنی آن لائن نگرانی کی اولین ترجیح بنا رکھا ہے‘ جبکہ ’ایکس خاموشی سے ان سے تعاون کر رہا ہے تاکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پاکستان میں چلتا رہے۔‘
جمائما نے دعویٰ کیا کہ سنہ 2023 اور سنہ 2024 کے مقابلے میں 2025 میں ان کی پوسٹس کی پہنچ 97 فیصد تک کم ہوچکی ہے۔ انہوں نے گروک کی فراہم کردہ معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2025 میں ایکس پر ان کی پوسٹس دیکھنے والوں کی تعداد 97 فیصد کم ہو گئی ہے۔ یہ تعداد 2023 اور 2024 کے آغاز میں ماہانہ 40 سے 90 کروڑ کے درمیان تھی، جو رواں سال کم ہو کر تقریباً دو کروڑ 86 لاکھ رہ گئی ہے۔تاہم اس حوالے سے فیصلہ کن موڑ مئی میں آیا جب پاکستان میں ایکس پر عائد پابندی ختم کی گئی۔ اس کے بعد ان کی ایک پوسٹ کو 40 لاکھ ویوز ملے مگر پھر ان کی رسائی بری طرح متاثر ہوئی اور تقریباً صفر کے قریب آ گئی۔
جمائما نے ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ سے بولنے کی آزادی کے ان وعدوں کا احترام کرنے کے لیے کہہ رہی ہوں جو آپ نے اس پلیٹ فارم کے لیے کیے ہیں۔ لہذا میرے اکاؤنٹ سے فوی ’سیکرٹ ٹھروٹلنگ‘ کو ہٹایا جائے،
واضح رہے کہ ’سیکرٹ تھروٹلنگ‘ سوشل میڈیا پر ایک ہتھیار ہے جس کے ذریعے سیاسی یا نفرت انگیز مواد یا ناپسندیدہ پوسٹوں وک محدود کر دیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اصل میں یہ مسئلہ ’الگورتھم ٹرانسپرینسی‘ کا ہے، جس میں سیاست سے متعلق پوسٹس کی پہنچ کو محدود کیا جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ’ایکس‘ سمیت دیگر سوشل میڈیا اداروں کے الگورتھم ’اوپن سورس‘ نہیں ہوتے، یعنی اس حوالے سے کچھ پتا نہیں چلتا کہ کس بنیاد پر کس پوسٹ کو زیادہ نمایاں کیا جاتاہے اور کس پیمانے پر پرکھتے ہوئے کسی پوسٹ کی ریچ کو کم کر دیا جاتا ہے۔ ماہرین کے بقول جمائما کی پوسٹوں کو صرف پاکستان میں محدود کرنا ممکن ہے کیونکہ پاکستان میں انٹرنیٹ فائر وال کی تنصیب کے بعد حکومت کے پاس کافی اختیارات آ گئے ہیں اب وہ کسی بھی اکاؤنٹس کو صرف پاکستان میں بلاک کرنے کے علاوہ اس کی پہنچ کو محدود کر سکتی ہے۔ اس لئے اس بات کے امکان موجود ہیں کہ جمائما کی پوسٹس کو ایکس کی بجائے حکومت نے پاکستان میں محدود کر رکھا ہو۔
یاد رہے کہ پاکستان میں مختلف مواقع پر ایکس کو لمبے عرصے کے لیے بند کیا جاتا رہا ہے۔ گذشتہ برس عام انتخابات کے دوران ہونے والی ’ایکس‘ بندش کا خاتمہ رواں برس مئی میں پاکستان اور انڈیا کی لڑائی کے دوران ہوا تھا۔ تاہم اب جمائما نے حکومت پاکستان پر اپنا ایکس اکاؤنٹ محدود کرنے کا الزام لگا دیا ہے تاہم ابھی تک اس حوالے اسے ایلون مسک کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا کی عمران خان کی سابقہ اہلیہ کے اکاؤنٹ محدود کرنے کا ذمہ دار ایکس ہے یا حکومت پاکستان؟
