کسی کو دھمکی نہیں دی، صرف دھاندلی روکنے کے احکامات دیے : سہیل آفریدی

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کے نوٹس پر وضاحت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹاکر پیش کیا گیا، میں نے کسی شخص کو دھمکی نہیں دی صرف دھاندلی روکنے کے احکامات دیے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے پولیس یا کسی ادارے کو فون کر کے نہیں کہا کہ فلاں امیدوار کو سپورٹ کرنا ہے بلکہ صرف دھاندلی روکنے کے احکامات دیے، کسی کو دھمکی نہیں دی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ان کے پاس عمران خان سے ملاقات کے عدالتی احکامات موجود ہیں،اس کے باوجود انہیں ملنےسے روکا جا رہا ہے، آئینی و جمہوری راستے اپنانے پر ملاقات نہیں کرنے دی جارہی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم کو پہلے دن ہی درخواست کی تھی کہ کچھ کریں اور ملنے دیں،وفاق سے اچھا ورکنگ ریلیشن شپ چاہ رہےتھے لیکن جو جواب ملا اس کےبعد انہیں دوبارہ بتانا مناسب نہیں سمجھا۔
الیکشن کمیشن : ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سہیل آفریدی کو نوٹس جاری
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کو خبردار کیاتھا کہ اگر الیکشن کے دن بدمزگی ہوئی تو آپ رات تک عہدوں پر نہیں رہیں گےجس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان دھمکی آمیز الفاظ کا نوٹس لیا۔
