ڈائٹنگ سےڈپریشن کاخطرہ زیادہ ہو سکتاہے،ماہرین

ماہرین صحت کاکہناہے کہ کیلوریز کم کرنے والی ڈائٹ پر عمل کرنے والے افراد میں اُن لوگوں کے مقابلے میں ڈپریشن کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے جو ڈائٹنگ نہیں کرتے۔
طبی ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وہ افراد جو وزن کم کرنے کے لیے سخت غذائی پابندیاں اختیار کرتے ہیں، اُن میں عام افراد کی نسبت ڈپریشن کی علامات زیادہ پائی جاتی ہیں۔
تحقیق سے ظاہر ہوا کہ کم کیلوریز پر مبنی غذا نہ صرف ذہنی و جذباتی مسائل کو جنم دے سکتی ہے بلکہ جسمانی صحت پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے، خصوصاً جب غذا میں ضروری غذائی اجزا کی کمی ہو۔
یہ تحقیق امریکا کے نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامینیشن سروے سے حاصل شدہ 2007 سے 2018 کے درمیان کے ڈیٹا پر مبنی ہے، جس میں مجموعی طور پر 28,525 افراد کو شامل کیا گیا — جن میں 14,329 خواتین اور 14,196 مرد شامل تھے۔
ڈپریشن کی شدت جانچنے کے لیے شرکاء کو ایک سوالنامہ پُر کروایا گیا جس میں 0 سے 27 تک اسکور دیا گیا۔ اسکور جتنا زیادہ ہو، ڈپریشن کی شدت اتنی ہی زیادہ سمجھی گئی۔
