ڈیجیٹل دہشت گردی کیس: عادل راجا اور دیگر ملزمان کو دو، دو بار عمر قید

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے مقدمے میں عادل راجا اور دیگر ملزمان کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔
9 مئی سے متعلق ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ہوئی، جہاں اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے ٹرائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے عادل راجا، حیدر مہندی اور وجاہت سعید کو دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو بھی دو، دو بار عمر قید کی سزا دی گئی۔ اس کے علاوہ عدالت نے دیگر دفعات کے تحت ملزمان کو مجموعی طور پر 35 سال قید کی سزا سنائی اور مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
دورانِ سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے مجموعی طور پر 24 گواہان عدالت میں پیش کیے گئے، جبکہ عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر ملزمان کی غیر موجودگی میں ٹرائل مکمل کیا۔ پراسیکیوشن کی جانب سے راجا نوید حسین کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے تھانہ آبپارہ کے مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ تھانہ رمنا کے مقدمے میں شاہین صہبائی، حیدر مہندی اور وجاہت سعید کو سزا کا حکم دیا گیا۔
سماعت کے دوران ملزمان کی جانب سے گلفام اشرف گورائیہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ واضح رہے کہ عدالت نے گلفام گورائیہ ایڈووکیٹ کو ملزمان کا سرکاری وکیل مقرر کیا تھا۔ انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت ملزمان کی عدم موجودگی میں ٹرائل کی اجازت ہوتی ہے۔
