’’دل والے دُلہنیا لے جائیں گے‘‘ اور ’’ڈنکی‘‘ میں کیا مماثلت ہے؟
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’’ڈنکی‘‘ 21 دسمبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے جس میں ان کے کپڑوں کے ڈیزائن اور رنگ کی وجہ سے اس کو فلم’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ سے ملتی جلتی فلم قرار دیا جا رہا ہے۔بالی وڈ بادشاہ، شاہ رخ خان کیلئے 2023 کا سال بہت خوش قسمت ثابت ہوا ہے کیونکہ اس سال ریلیز ہونے والی ان کی 2 فلمیں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ نے باکس آفس پر ریکارڈ قائم کیا ہے اور اب وہ اپنی اگلی فلم ’ڈنکی‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں جو 21 دسمبر کو ریلیز ہونی ہے۔فلم کے ٹریلر میں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان نے اسی ڈیزائن کی شرٹ پہنی ہوئی ہے جو انہوں نے 28 سال پہلے فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے ایک گانے میں پہنی تھی، اس بات پر مداحوں نے اپنی خوشی کا بھی اظہار کیا اور حیرانی کا بھی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف نے شاہ رخ خان سے اس کی وجہ پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ 28 سالوں میں ان کی 11 سرجریز ہو چکی ہیں مگر وہ اس بات پر بہت خوشی محسوس کرتے ہیں کہ اتنے طویل عرصے بعد بھی وہ ماضی جیسے پُرجوش انداز میں پرفارم کر سکتے ہیں، مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں خود یقین نہیں آتا کہ وہ آج بھی اسی سائز کی شرٹ میں فٹ آ سکتے ہیں جو انہوں نے 1995 میں پہنی تھی۔کچھ صارفین نے یہ بھی جاننا چاہا کہ کیا فلم ’’ڈنکی‘‘ میں بھی کوئی رومانوی گانا ہے، جس پر اداکار نے جواب دیا کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ ’میں فلم میں ہوں اور رومانس نہ ہو‘۔ اب سے کچھ ہی دنوں بعد ریلیز ہونے والی فلم ’ڈنکی‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ بھارتی اداکار وکی کوشل اور تپسی پنو بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا کنگ خان اس سال تیسری ہٹ فلم دے کر بالی ووڈ پر اپنا راج قائم رکھ سکیں گے، جس کا
جواب فلم کی ریلیز کے بعد ہی ملے گا۔