ڈاکٹرز کا شبلی فراز کی اوپن ہارٹ سرجری کرنے پر غور

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز دل کی تکلیف کے باعث پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں زیر علاج ہیں، جہاں ان کے علاج کےلیے ماہر ڈاکٹروں کی 10 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ڈاکٹرز نے اوپن ہارٹ سرجری پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز شبلی فراز کی اوپن ہارٹ سرجری پر غور کررہے ہیں، تاہم اس فیصلے سے قبل کچھ اہم طبی ٹیسٹوں کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کے دل کی ایک بڑی شریان پر ‘مسلز بریج’ موجود ہے، جس کے باعث خون کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ موجود ہے۔ انہیں وقتاً فوقتاً سینے میں درد اور بلند فشار خون کی شکایت رہتی ہے۔

اس حوالے سے رہنما پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ انہیں کافی عرصے سے دل کی تکلیف لاحق ہے لیکن انہوں نے مناسب احتیاط نہیں کی، ادویات بھی باقاعدگی سے نہیں لیں اور ذہنی دباؤ بھی موجود رہا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ صحت کا خاص خیال رکھوں گا۔انہوں نے عوام سے اپنی صحت یابی کےلیے دعا کی اپیل بھی کی۔

واضح رہے کہ انہیں سینے میں درد کی شکایت پر دو روز قبل پی آئی سی پشاور منتقل کیا گیا تھا۔

Back to top button