کیا زیادہ پانی پینے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے؟
ماہرین صحت کہتے ہیں کہ زیادہ مقدار میں پانی پینے سے صحت کو متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
یہ تو سب جانتے ہیں کہ جسم میں سیال کی مناسب مقدار اچھی صحت کے لیے ضروری ہے مگر ایک نئی تحقیق میں پانی پینے کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کی اپنی طرز کی منفرد تحقیق میں زیادہ پانی پینے کے متعدد فوائد پر روشنی ڈالی گئی اور کچھ فوائد تو ایسے ہیں جن کا آپ کو علم بھی نہیں ہوگا۔اس تحقیق میں ماضی میں ہونے والی 18 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیقی رپورٹس کی اکثریت میں بتایا گیا تھا کہ زیادہ مقدار میں پانی پینے سے صحت کو متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں ثابت کیا گیا کہ زیادہ پانی پینا صرف تازہ دم ہی نہیں کرتا بلکہ جسم کو صحت مند بھی بناتا ہے۔
زیادہ پانی پینے کا سب سے بڑا فائدہ گردوں کی پتھری کے خطرے سے تحفظ اور جسمانی وزن میں کمی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔مگر اس کے ساتھ ساتھ زیادہ پانی پینے سے آدھے سر کے درد یا مائیگرین اور پیشاب کی نالی کی سوزش سے بھی بچنے میں مدد ملتی ہے۔