ڈالرمہنگا،سونے کی قیمت بھی بلندترین سطح پرپہنچ گئی

انٹربینک تبادلہ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں سونے کی قیمت تاریخی بلندی پر پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 280 روپے 27 پیسے پر بند ہوا۔انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر 280 روپے 17 پیسے پر بند ہوا تھا، آج انٹربینک میں ڈالر 10 پیسے مہنگا ہوا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 9 پیسے اضافے سے 282 روپے 7 پیسے ہے۔

دوسری جانب آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 550 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 17 ہزار 350 روپے کی بلند ترین  سطح پر پہنچ گئی ہے۔ملک میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2 ہزار 186 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 72 ہزار 76 روپے ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 25 ڈالر اضافے سے 3 ہزار 22 ڈالر فی اونس ہے۔

دریں اثناپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت دن رہا اور 100 انڈیکس 3 جنوری کے بعد ایک لاکھ 17 ہزار سے اوپر بند ہوا۔آج کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 801 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 17 ہزار ایک پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری دن کے دوران بازار میں 44 کروڑ شیئرز کے سودے 29 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 56 ارب روپے بڑھ کر 14 ہزار 266  ارب روپے ہے۔

Back to top button